کے پی بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مؤخر، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

Election

Election

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبر پختون خوامیں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف اپیل دائر کی اور درخواست میں کہا کہ 27 مارچ کو لوکل باڈیز الیکشن کے تمام انتظامات مکمل کر چکے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تمام امکانات اور خدشات کو مدنظر رکھ کر شیڈول جاری کیا، اس لیے اب شیڈول کے مطابق لوکل باڈیز الیکشن کرانے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پشاورہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ نے فیصلے میں کہا تھا کہ مارچ میں پہاڑی علاقوں میں سردی اور برفباری کے سبب انتخابات ہونا ممکن نہیں لگتا لہٰذا پہاڑی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ رمضان کے بعد کرانے کا شیڈول دے۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 27 مارچ کو ہونا تھے۔