پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں جدید سیکیورٹی کیمرے نصب کر دیئے۔ نئے کیمروں کے ذریعے 200 میٹر یعنی چھ سو فٹ تک واضح فوٹیج حاصل کی جاسکے گی ۔ چہروں کی شناخت بھی ممکن ہوجائے گی ۔ محرم الحرام کے جلوسوں کی نگرانی بھی انہی کیمروں سے کرنے کا فیصلہ۔
پشاور میں عشرہ محرم کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے نصب کئے گئے ہیں 103 کیمرے ، جن کی مدد سے جہاں ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی وہیں سیکیورٹی اہلکاروں کی کارکردگی جانچنے میں بھی مدد ملے گی ۔ کیمروں سے لائیو کوریج حاصل کرنے اور ان کا معیار بہتر بنانے کے لئے جدید فائبر آپٹکس کا استعمال کیا گیا ہے ۔ جدید کیمرے شہر اور صدرمیں نصب کئے گئے ہیں جن کی مدد سے چہار اطراف نگاہ رکھنا ممکن ہے۔
سپریم کمانڈ پوسٹ میں تعینات تربیت یافتہ عملہ ان کیمروں کی مدد سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کرسکے گا ۔ پولیس حکام کے مطابق کیمرے فی الوقت محرم الحرام کے جلوسوں کی حفاظت کے لئے نصب کئے گئے ہیں تاہم مستقل بنیادوں پر بھی ان کی تنصیب کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔