پی کے 86 سوات کے نتائج کالعدم قرار، ن لیگ کے قیموس خان کی رکنیت معطل

Qaimus Khan

Qaimus Khan

پشاور (جیوڈیسک) الیکشن ٹریبونل نے خیبر پختون خوا کے حلقے پی کے 86 سوات سے مسلم لیگ ن کے امیدوار قیموس خان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

اے این پی کے رہنما ڈاکٹر حیدر علی خان نے مسلم لیگ ن کے امیدوار قیموس خان کے خلاف مئی 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا جس پر الیکشن ٹریبونل نے پی کے 86 سوات کے نتائج کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے جس سے ن لیگ سے ایم پی اے کی رکنیت معطل ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں پی کے 86 سے حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما قیموس خان 10687 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ دوسرے نمبر پر جمعیت علمائے اسلام کے علی شاہ رہے جنہوں نے 10302 ووٹ حاصل کئے اور اے این پی کے رہنما ڈاکٹر حیدر علی نے 10028 ووٹ حاصل کئے۔