کے پی میں درختوں کی کٹائی پر پابندی

Trees

Trees

پشاور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ‘ہرا بھرا اور صاف خیبر پختونخوا’ منصوبے کے تحت صوبے میں درختوں کی کٹائی پر پابندی لگا دی۔ خٹک نے بدھ کو بتایا کہ یہ منصوبہ شروع کرنے کا مقصدماحولیاتی سیاحت اور توانائی کے ذرائع میں اضافہ کرنا ہے۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق، ان خیالات کا اظہار خٹک نے صوبائی اسمبلی کے اراکین کے جرگے سے کیا جہاں ہزارہ، مالاکنڈ میں جنگلات کے مالک بھی شریک تھے۔

وزیر آبپاشی محمود خان، وزیر اعلیٰ کے مشیروں رفاقت اللہ بابر، پارلیمانی سیکریٹری برائے ماحولیات فضل الہی، سیکریٹری ماحولیات ڈاکٹر حماد اویس آغا اور متعلقہ محکموں کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خٹک کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت جنگلات کے مالکان کو درختوں کے تحفظ پر زیادہ منافع ملے گا۔

پرانے اور مردہ درختوں کو کاٹنے کی اجازت کے مطالبے پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں اس سہولت کا غلط استعمال ہوتا رہا ہے۔ تاہم، ارکان اسمبلی کی اپیل پر انہوں نے حقائق پر مبنی سفارشات مرتب کرنے کے لیے ہزارہ اور مالا کنڈ کے عوامی نمائندگان اور ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی بنا دی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت اگلے پانچ سالوں میں نوجوانوں، طالب علموں اور زندگی کے دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کے تعاون سے صوبےمیں دو ارب پودے لگائے جائیں گے۔