پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ پولیس میں تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے عوام کی سہولت کے لیے ایس ایم ایس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ تھانے کے چکروں سے گھبرانے والے شہری بذریعہ میسج شکایت درج کر سکیں گے۔
پولیس اور تھانے کے نام سے ہی شہری کانوں کو ہاتھ لگاتے ہیں کہ جانے کتنے چکر لگانے کے بعد ان کی شکایت کو سنا جائے گا۔ خیبر پختونخوا حکومت نے تھانہ کلچر بدلنے کی ٹھانی تو پہلے آئن لائن ایف آئی آر کی سہولت دی اور اب ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت اندراج ممکن کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پشاور پولیس لائن میں پولیس ایکسس سروس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں بہتری کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس سے رابطہ کے لیے موبائل نمبر اور ٹول فری نمبر محکمے کی ویب سائٹ پر دیے گئے ہیں، صوبے کے کسی بھی حصے سے ان نمبرز پر شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ناصر درانی کے مطابق ایسے اقدامات کے باعث عوام اور پولیس کے مابین رابطہ آسان ہو گا۔ ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت موصول ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر متعلقہ تھانے کا افسر شکایت کنندہ سے رابطہ کرے گا۔