پشاور (جیوڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا نے جاتے جاتے یونیورسٹیز ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دیدی جس کے تحت یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر کی تقرری اور ہٹانے کے قواعد و ضوابط میں نرمی کر دی گئی ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے استعفی سے قبل یونیورسٹی ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی ہے۔
ذرائع کے مطابق آرڈیننس کے تحت وائس چانسلرز کی تقرری اور ہٹانے کے رولز میں نرمی کر دی گئی۔ اب وائس چانسلرز کو ہٹانے کا اختیار سنڈیکیٹ سے لیکر چانسلر کو دیدیا گیا ہے۔جبکہ تدریسی و انتظامی تجربے کی معیاد کم کر کے 20 سال کے بجائے 15 سال کر دی گئی ہے۔
قانون میں پرووائس چانسلر کا نیا عہدہ بھی تخلیق کیا گیا ہے۔ وائس چانسلرکی عدم موجودگی میں نگران کے فرائض انجام دے گا اور پرووائس چانسلر کو وائس چانسلر کے عہدے پر بھی ترقی دی جا سکے گی۔