اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شیرف کا کہنا ہے کہ ہم سڑکیں بناتے رہیں گے، تم سڑکیں ناپتے رہو ، ایک پارٹی کو کنٹینر پر ناچنے کا مینڈیٹ ملا ہے، کے پی میں عوام نیا پاکستان بنانے والے کو ڈھونڈ رہے ہیں، ہر دور میں کوئی نہ کوئی ڈگڈگی بجانے والا آجاتا ہے۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں مرکزی کونسل سے وزیر اعظم نواز شریف کا عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دو ہزار اٹھارہ میں کے پی میں بھی ن لیگ کی حکومت ہو گی ، بجلی کی قیمت مزید نیچے لائیں گے ، اگلے دو سالوں میں بجلی کی قیمت 7 یا 8 روپے تک آ جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ایک ڈگڈگی بجانے والا جاتا ہے تو دوسرا آ جاتا ہے ، آج بھی لوگ ڈگڈگی بجا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ، ہم گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ایک پارٹی کو پاکستان کی ترقی کا مینڈیٹ اور شاید ایک پارٹی کو کنٹینر پر ناچنے کا مینڈیٹ ملا ہے ۔
اس سے پہلے مسلم لیگ ن کے پارٹی انتخابات ہوئے اور وزیراعظم نواز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ مرکزی صدر منتخب ہو گئے ۔ صدارتی امیدوار عبدالقادر بلوچ کے کاغذات نامزدگی پارٹی ووٹرز فہرست میں نام نہ ہونے پر مسترد ہوئے تو انہوں نے کوئی اعتراض نہ کیا ۔ راجا ظفر الحق بلامقابلہ پارٹی کے چیئرمین جبکہ سرتاج عزیز، امداد چانڈیو، یعقوب ناصر، سرانجام خان، چنگیز مری اور سردار سکندر حیات بلا مقابلہ سینئر نائب صدور منتخب ہو گئے۔
سیکرٹری اطلاعات کے لئے مشاہد اللہ خان کے مدمقابل کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تو پرویز رشید بھی بلا مقابلہ پارٹی کے سیکرٹری خزانہ منتخب ہو گئے۔ چار سال کیلئے منتخب ہونے والے پارٹی عہدیداروں کا باضابطہ اعلان جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا۔