پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا پولیس میں نفری کی کمی پوری کرنے کے لئے سابق فوجی و ایف سی اہلکار بھرتی کرلئے گئے ہیں۔ تین ایس پیز اور ڈی ایس پیز سمیت ساڑھے چارسو اہلکار رواں ماہ کے آخر میں پولیس کاحصہ ہوں گے۔
خیبرپختونخوا پولیس میں 2009 میں ایکس سروس مین کی 25 سو آسامیاں پیدا کی گئی تھیں۔ تاہم کئی سالوں سے پانچ سو آسامیاں خالی پڑی رہیں۔ جن پربالآخرسابق فوجی اور ایف سی اہلکاروں کی بھرتیوں کیلئے روا ں ماہ انٹرویوز اور ٹیسٹ لئے گئے۔
3 ایس پیز، 3 ڈی ایس پیز، 9 انسپکٹرز، 34 ،34 سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز جبکہ تین سو کانسٹیبلزکی بھرتیاں مکمل کی گئی ہیں۔ جن کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ توقع ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں مزید سابق فوجی اہلکار پولیس فورس کاحصہ ہوں گے۔ تاہم چار ڈی ا یس پیز اور 60 کانسٹیبلز کی بھرتیاں تاحال مکمل نہیں ہوسکی ہیں۔
ریٹائرڈ میجرز کو ایس پیز کی تین اسامیوں پربھرتی کیاگیا ہے جو بم ڈسپوزل یونٹ، تربیتی اسکولز اور انسداد دہشتگردی فورس کو تربیت فراہم کریں گے جبکہ دیگر نفری پشاور، ہنگو، چارسدہ، نوشہرہ ، صوابی اور ہری پور میں تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔