خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف اور اتحادی آج بھی نیٹو سپلائی بند رکھیں گے

Nato Supply

Nato Supply

پشاور (جیوڈیسک) نیٹو سپلائی روکنے کے لیے خیبر پختو نخوا کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کا دھرنا آج ساتویں دن بھی جاری رہے گا۔

پشاور میں جاری دھرنے کے چھٹے روز، قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔ شرکا رنگ روڈ سے گذرنے والے کنٹینرز چیک کرتے رہے۔ اور ایک نیٹو کنٹینر واپس بھیج دیا۔ دھرنے کے شرکا نے شمالی وزیرستان ڈرون حملے کے خلاف علامتی طور پر 5 منٹ تک رنگ روڈ بلاک بھی رکھا۔

کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں رمک چیک پوسٹ اور انڈس ہائی وے بائی پاس چوک پر دھرنا دیا گیا۔ نوشہرہ میں خیر آباد اٹک پل کے مقام پر بھی دھرنا جاری رہا۔

اس روٹ سے نیٹو کی سپلائی گزرنے نہیں دی جارہی تاہم افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے لدے ٹرکوں کو کاغذات چیک کرنے بعد جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ ان دھرنوں کے باعث پاکستان سے افغانستان کو تیل کی سپلائی بھی معطل ہے۔

پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطابق 300 سے 400 آئل ٹینکرز ملک کے مختلف علاقوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں جس سے اب تک 15 ارب روپے کے لگ بھگ نقصان ہو چکا ہے۔

ٹینکرز مالکان کا کہنا ہے اگلے 2 دن میں رسد بحال نہ ہوئی تو خیبر پختو نخوا کو تیل کی سپلائی بند کردیں گے۔ اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرائیں گے۔