خیبر پختونخوا: گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کو فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹ کے زیرانتظام مختلف شعبوں میں فنی تربیت سے آراستہ کیاجارہاہے اور اس سال تقریبا9ہزار طلباء وطالبات نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایاہے جبکہ10,801 نوجوانوں کوخودروزگارسکیم کے تحت قرضے فراہم کئے گئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز حیات آباد میں فاٹا ڈیوپلیمنٹ اتھارٹی کی نئی عمارت اورفاٹا کے نوجوانوں کیلئے UNDP کے تعاون سے جاب پلیسمنٹ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اورچیف ایگزیکٹیوفاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی فدا وزیر،یواین ڈی پی کی نمائندہ مس فریڈریکا کے علاوہ طلباء وطالبات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجودتھے۔ گورنر نے ایف ڈی اے میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا بھی معائنہ کیا جہاں فنی تربیت کے شعبے میں زیرتربیت طلباء وطالبات کی طرف سے الیکٹرانک، معدنی ترقی مکینکل اورتوانائی کے شعبے سے متعلق تیارکردہ نمونے رکھے گئے تھے۔
گورنرنے آلات کے معیار اور طلباء کی صلاحیتوں کوسراہا۔انہوں نے وہاں پر موجود طلباء و طالبات سے ان کی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت بھی کی۔اس موقع پر گورنرنے مختلف شعبوں میں فنی تعلیم مکمل کرنے والے 30 طلباء وطالبات میں خودروزگار سکیم کے تحت 30،30 ہزارروپے کے چیک بھی تقسیم کئے۔ گورنر نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی ترقی اوروہاں پر روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مختلف ایجنسیوں میں7 چھوٹے ڈیمز کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ مزید7 چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر کئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تقریبا 5675 ایکڑزمین سیراب کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی۔ گورنرنے کہاکہ فاٹا میں معدنی ترقی کے منصوبہ کے تحت ماربل سٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جارہاہے جس کیلئے160 کلومیٹر سڑک کی تعمیر اورماربل سٹی میں گریڈسٹیشن اورچاردیواری کاکام مکمل ہوچکاہے۔