نوابشاہ (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کے پی ٹی حکام گیس اخراج کے حقائق سامنے لائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے علاقے کیماڑی میں گیس کے اخراج کے معاملے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے گیس اخراج سے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کے پی ٹی حکام کی جانب سے گیس اخراج کے معاملے پر پردہ ڈالنا برداشت نہیں کیا جائیگا۔ کے پی ٹی حکام کو حقائق عوام کے سامنے لانا ہوں گے۔
دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے نوشہرو فیروز میں پیپلز پارٹی کی مقتولہ ایم پی اے شہناز انصاری کی رہائشگاہ جا کر ان کے شوہر ڈاکٹر حمید انصاری سے تعزیت اور مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی۔ بعدازاں بلاول بھٹو نے ایم این اے ذوالفقار بہن کے گوٹھ پہنچ کر ان کے والد حاجی رحمت اﷲ کے انتقال پر ان سے بھی تعزیت کی۔