نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ کل بھوشن یادیو کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا بھارت دہشتگردی میں ملوث ہے ، پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کیلئے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں ۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کشمنر عبدالباسط نے ہمسایہ ملک کی دوغلی پالیسی کو بے نقاب کر دیا ، کہتے ہیں کلبھوشن کی گرفتاری سے پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید ہوگئی ،
پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ۔ نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایوں سے پر امن تعلقات چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں ، ان کا کہنا تھا کہ دیرپا امن کے لیے کوئی شارٹ کٹ موجود نہیں ، دونوں ملکوں کو جامع اور بامعنی مذاکرات کی ضرورت ہے ۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقاتی ٹیم کے دورہ پاکستان کا کوئی امکان نہیں ، مسائل کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیرہے ، اس کو پس پشت ڈالنے سے منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے اسلام آباد سارک سربراہ کانفرنس کومذاکرات کی بحالی کے لیے اہم قرار دے دیا ۔