اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ نے کہا ہے زیر حراست مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔
گزشتہ سال پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ایک بھارتی شہری کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا، جو مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ کا ایجنٹ اور بھارتی بحریہ کا حاضر سروس ملازم ہے۔
اگرچہ بھارت نے یہ تسلیم کیا تھا کہ کلبھوشن اس کا شہری ہے اور وہ بھارتی بحریہ کا سابق افسر ہے تاہم بھارت کی طرف سے اس الزام کو مسترد کیا جاتا رہا کہ کلبھوشن کا تعلق ‘را’ سے ہے۔
پاکستان میں گرفتاری کے بعد بھارت نے کلبھوشن یادیو تک سفارتی رسائی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم پاکستان کی طرف سے سفارتی رسائی نا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔