کراچی (جیوڈیسک) بھارتی را ایجنٹ کل بھوش یادیو سے تفتیش کی روشنی میں سکیورٹی ادارے کراچی میں بھی تیزی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارتی را ایجنٹ تاجر کے بھیس میں کراچی آیا تھا۔
بھارتی ایجنٹ جیولری کی خرید و فروخت کے لئے 4 افراد سے ملا تھا۔ یادیو سے ملنے والے چاروں افراد کی تفصیلات سکیورٹی اداروں نے حاصل کر لی ہیں۔ کل بھوش یادیو کے کراچی آنے اور جانے میں مدد فراہم کرنے والے افراد کا ڈیٹا بھی جمع کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کل بھوش یادیو سے تفتیش کی روشنی میں 2 کالعدم تنظیموں کے دہشتگردوں کا ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔ بھارتی را ایجنٹ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں 2 کالعدم تنظیموں سے رابطے میں تھا، جس کے شواہد بھی مل چکے ہیں۔