کردستان میں پناہ گزینوں کی امداد کی جائے، انجلینا جولی کا مطالبہ

Angelina Jolie

Angelina Jolie

نیویارک (جیوڈیسک) جنگ سے متاثرہ علاقوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں کے دورے کے بعد شمال مغربی عراق کے شہر دھوک میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ پناہ گزین نہایت کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کو وہ فوری طور پر کرد پناہ گزینوں کے لئے امداد فراہم کرے اور اس میں مزید اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں علاقے میں امن وامان کے قیام کے لئے ‘داعش’ جیسے شدت پسندوں سے طاقت سے نمٹنے کی اشد ضرورت ہے وہیں جنگ سے متاثر ہونے اور بے گھر ہونے والوں کی امداد میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔

داعش کے خوف سے گھر چھوڑنے والے عالمی برادری سے امداد کے منتظر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انجیلنا جولی کا کہنا تھا کہ کردستان شمالی عراق کے شہروں سے بے گھر ہونے والے ہزاروں شہریوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ ہے۔

کردستان کی حکومت بھی پناہ گزینوں کی امداد کر رہی ہے تاہم وہ ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کیا۔ کیمپوں میں مقیم پناہ گزینوں کی معاشی حالت ابتر ہے۔ انہیں فوری اور جنگی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔