کرم ایجنسی (جیوڈیسک) کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار کی سبزی منڈی میں دھماکے سے 18 افراد جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے میں 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار کی سبزی منڈی مارکیٹ میں دھماکے سے 18 افراد دم توڑ گئے جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکہ صبح کے وقت سبزی منڈی میں ہوا جب خریداری کے لیے آئے لوگوں کا کافی رش تھا۔
دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار کی سبزی منڈی میں دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعہ میں شہید افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام سے بم دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔