پشاور (جیوڈیسک) پاکستانی کی قبائلی کرم ایجنسی میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے چھ افراد ہلاک جبکہ تیرہ زخمی ہو گئے۔
پولیٹیکل ذرائع کے مطابق منگل کو کرم ایجنسی سے متصل پاک افغان سرحدی علاقے گیدو میں مینگل قبائل کے دو گروہوں کے مابین زمین کے تنازع پر جرگہ جاری تھا کہ اس دوران دو گروپوں میں معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اس پر جرگے میں بیٹھے دیگر مسلح افراد نے بھی ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں دونوں جانب سےچھ افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہو گئے۔ واقعہ میں زخمیوں کو ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں دوکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے بعد پاڑا چنار ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ پولیٹکل تحصیل دار جاوید خان نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔