کویت (اصل میڈیا ڈیسک) کویت کی حکومت نے کرونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بازار اور تجارتی مراکز بند کردیے ہیں۔
گذشتہ روز کویت کی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کے پھیلتے خطرات اور اس کی روک تھام کےلیے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر پرغور کیا گیا۔
اجلاس میں کرونا کی روک تھام کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ کویتی حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے بتایا کرونا سے بچائو کے لیے بنیادی ضرورت کی خریداری مراکز کے سوا تمام بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازار بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مملکت میں تمام تفریحی مقامات، کلب اور سیلون بندکردیے گیے ہیں اور ان میں خواتین اور بچوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔