کویت سٹی (جیوڈیسک) کویت میں عدالت نے رمضان المبارک میں مسجد میں خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 7 افراد کو سزائے موت جب کہ 8 کو 15،15 سال قید کی سزا سنادی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کویت کی اعلیٰ عدالت میں رمضان المبارک میں مسجد میں خودکش دھماکے کے لئے معاونت فراہم کرنے کے الزام میں 29 افراد کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے 7 ملزمان کو سزائے موت، 8 کو15،15 برس قید جب کہ 14 نامزد ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ملزمان کے پاس دھماکہ خیز مواد اور دیگر سامان تھا جو ’ وہ قتل کرنے، دہشت پھیلانے اور ایک بین الاقوامی دہشتگرد گروہ کے تعاون سے ملک میں حکومت گرانے اور ملکی سالمیت کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کررہے تھے۔
واضح رہے کہ کویت میں رمضان المبارک میں ایک مسجد میں عین اس وقت خودکش دھماکا ہوا تھا جب وہاں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی، دھماکے میں 26 افراد جاں بحق جب کہ 225 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ خودکش دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔