کویت (جیوڈیسک) کویتی کمپنی پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے 98 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کویتی کمپنی کی ذیلی کمپنی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تیل و گیس تلاش کرے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 98 لاکھ ڈالرز ابتدائی سرمایہ کاری ہو گی۔ دونوں ممالک کے درمیان تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے لائسنس اجراء معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے ہیں۔
وزارت پیٹرولیم کے مطابق ملک میں تیل و گیس کی تلاش پر محنت ضرور رنگ لائے گی، معاہدے کو عملی جامہ پہنانے سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو وسعت ملے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے کویت پیٹرولیم کے سی ای او نے وفد کی صورت میں ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کویت پیٹرولیم کے سربراہ نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کویت پیٹرولیم کے سربراہ اور وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حکومت کویت پیٹرولیم کی کاروباری آپریشنز میں معاونت جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تیل و گیس کے شعبے کے لیے نئی پیٹرولیم پالیسی پر کام کر رہی ہے، نئی پیٹرولیم پالیسی میں غیر ملکی کمپنیوں کو مراعات دی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی پیٹرولیم پالیسی میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔