کراچی (جیوڈیسک) میں پانی کا بحران سنگین، ناظم آباد، لیاقت آباد، ماڑی پور، بلدیہ شیر شاہ اور پاک کالونی میں پانی بند، کے ای ایس سی کے خلاف واٹر بورڈ کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ آج سماعت کرے گی۔
واٹر بورڈ اور کے ای ایس سی کے درمیان تنازع نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ متعدد علاقے پانی کی قلت کا شکار ہو گئے۔ ناغہ سسٹم کے تحت آج شہر کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی بند رہے گی۔
واجبات کا تنازع واٹر بورڈ اور کے ای ایس سی کے درمیان ہے جبکہ اس کی سزا شہر قائد کے باسیوں کو مل رہی ہے۔ واٹر بورڈ کے پمپنگ سٹیشنوں پر چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ متعدد علاقے پانی کی قلت کا شکار ہیں۔
گزشتہ پانچ دنوں میں ایک ارب گیلن پانی فراہم نہیں ہو سکا۔ صورتحال سے نمٹنے کے لئے واٹربورڈ نے شہر بھر میں ناغہ سسٹم نافذ کر دیا ہے۔ پیر کو گلشن اقبال میں ناغے کے باعث پانی فراہم نہیں کیا گیا۔ علاقے کے مکانوں اور فلیٹوں میں زیر زمین اور اوور ہیڈ ٹینکوں میں موجود پانی کا سٹاک ختم ہو گیا ہے۔
واٹر بورڈ حکام کے مطابق گزشتہ رات آٹھ بجے گلشن اقبال کو پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی تاہم گلشن اقبال کے مختلف علاقوں سے پانی کی عدم فراہمی کی شکایات ملی ہیں۔
ادھر ناغہ سسٹم کے تحت آج ماڑی پور، لیاقت آباد، ناظم آباد، پاک کالونی، سائٹ ایریا اور بلدیہ اور شیر شاہ کو پانی کی فراہمی بند رہے گی۔