کراچی(جیوڈیسک) ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق مارکیٹنگ کمپنیوں نے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 15روپے کا اضافہ کر دیا ہے ، عرفان کھوکھر نے اضافے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دے دی ، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے اعلامیئے کے مطابق اضافے سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 180روپے جبکہ کمرشل سلنڈر 720روپے مہنگا ہو گیا ہے۔
گلگت ، فاٹا، مظفرآباد، باغ ، ناران، کاغان اور پشاور میں گھریلوسلنڈر1425 روپے کا ہوگیا،راولپنڈی، مری ، اٹک ، میرپور، جہلم، بہاولپور، رحیم یارخان اور ملتان میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 1366 روپے تک پہنچ گئی ، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات میں گھریلو سلنڈر1307 روپے کا جبکہ کراچی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1248 روپے کا ہوگیا۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے اضافہ اوگرا اور حکومت کے نوٹفکیشن کے بغیر کیا گیا ہے واپس لیا جائے ورنہ ہڑتال کریں گے ، انہوں نے کہا کہ اوگرا 24گھنٹوں میں قیمتوں کو کنٹرول کرے ، ورنہ خیبر سے کراچی تک ایل پی جی سپلائی بند کردیں گے اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے دفاتر کا گھیراو کریں گے۔