محنت مزدوری کر کے تعلیم حاصل کرنے والے غریب طالب علم نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر دو میں نویں جماعت کا امتحان نمایاں پوزیشن میں پاس کر لیا
Posted on September 1, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
چکوال: محنت مزدوری کر کے تعلیم حاصل کرنے والے غریب طالب علم نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر دو میں نویں جماعت کا امتحان نمایاں پوزیشن میں پاس کر لیا۔ اور سکول میں تیسری پوزیشن حاصل کی سید عمران علی حسن جو کہ بولے ہجیال گائوں کارہائشی ہے ناریل بیچ کر محنت مزدوری کر کے اپنے تعلیمی اخراجات پورے کر رہا ہے۔
ہونہار طالب علم نے بوائز ہائی سکول نمبر دو میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔سید عمران علی حسن نے میڈیا کو بتایا کہ اسے تعلیم حاصل کرنے کا بہت شوق ہے تاہم اسے بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔وہ تعلیم کے حصول کے لیے گھر سے بے گھر ہے اور ناریل بیچ کر گزارہ کر رہا ہے۔
رات کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں کسی خالی بستر پر لیٹ جاتا ہے ہسپتال انتظامیہ اگر باہر نکال دے تو پھر مجبوراً ہسپتال کے باہر موجود لان میں گھاس پرسونا پڑتا ہے سید عمران علی حسن نے یہ بھی بتایا کہ وہ مختلف ہوٹلوں پرجا کر لوگوں کا بچا ہوا کھانا کھا کر گزارہ کرتا ہے۔ ہونہار طالب علم نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کی مالی معاونت کریں تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکے۔ کیونکہ مستقبل میں اسے ڈاکٹر بننا ہے۔