مزدور کے حقوق کا اصل محافظ وضامن اسلام اور اسلامی نظام معیشت ہے ،مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ پوری دنیا دولت کے غیر منصفانہ تقسیم نے انسان کو انسان کا دشمن بنادیا ہے حق دار مزدور کو اسکا حق نہیں ملتا ، قومی اداروں کی نجکاری نے غریب اور تنخواہ دار طبقے کو مزید خوف اور افراتفری میں ڈال دیا ہے۔

قرآن کریم انسانیت کیلئے رہتی دنیا تک بہترین ضابطہ حیات فراہم کرتاہے اور یہی وجہ ہے کہ انسانوں کے بنائے ہوئے سوشلزم وکیپٹل ازم جیسے ظالمانی نظام بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، آج اہل مغرب بھی اپنے جدید نظام تجارت میں اسلامی اصولوں کو اپنارہے ہیں، ڈبلیوٹی اور آئی ایم ایف سمیت عالمی مالیاتی اداروں کی پالیسیوں اور نجکاری کے عمل نے مزدور کو تباہ حال کیاہے ، آج مزدور سے کام زیادہ اور اجرت کم دی جاتی ہے، ان خیالات کااظہارجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے یوم مزدور کے موقع پر مزدور برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے دیے گئے بیان میں کیا۔

انہوںنے کہاکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں مزدور کے حقوق کیلئے اقدام کریں مزدور ہی کے خون پسینے سے یہ ملک سیراب ہے مزدوروں نے 60 سالہ دور میں اس ملک کی تعمیر وترقی میں گراں قدر خدمات انجام دیں ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتاہے ، انہوںنے کہاکہ پاکستانی حکومت کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بیرونی مداخلت کو جگہ دی گئی ہے ، پاکستان کی اپنی کوئی پالیسی نہیں اور ہمیشہ بیرونی ڈکٹیشن پر سسٹم کو چلایا جاتاہے۔

ہمارا مزدور طبقہ اس ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے شبانہ روز خدمات انجام دیتے ہیں لیکن انہیں بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولتوں سے محروم کردیا گیاہے ، مزدور سے کام زیادہ اور اسے تنخواہ کم دی جاتی ہے غریب مزدور ہمشیہ غریب ہی رہااور امیر امیرہوتا چلا گیا ، انہوںنے مزید کہاکہ اس ملک میں ہمیشہ چہرے بدلے جاتے ہیں نظام نہیں مزدور طبقہ کروڑوں نفوس پر مشتمل ہے اتحاد واتفاق نہ ہونے پر ہر کوئی ان کے حقوق غصب کررہاہے نجکاری کے عمل نے مزدور کو چوراہے پر لاکھڑا کردیاہے ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے مزدور طبقے کو مقام دیاجائے، نجکاری کے عمل کو نہ صرف روکا بجائے بلکہ نجکاری کئے گئے اداروں کی سابقہ حیثیت بحال کی جائے۔