سیڑھی گروپ کا خوف؛ شہریوں نے کے الیکٹرک ملازمین کو ڈاکو سمجھ کر پیٹ ڈالا

Ladder Group

Ladder Group

سعید آباد (جیوڈیسک) میں شہریوں نے مبینہ واردات پر 5 افراد کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد رینجرز کے حوالے کردیا۔ شہریوں نے ملزمان کے زیر استعمال ٹرک پر ڈنڈے اور پتھر برساکر ٹرک الٹ دیا۔

پکڑے جانے والے افراد کا تعلق مبینہ طور پر سیڑھی گروپ سے بتایا گیا جو وارداتوں کے دوران خواتین کی عصمت دری کرتے ہیں، شہریوں نے بجلی ٹھیک کرنے آنے والے کے الیکٹرک کے ملازمین کو سیڑھی گروپ کے کارندے سمجھ کر پکڑا جنھیں رینجرز نے تفتیش کے بعد چھوڑدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعیدآباد سیکٹر 8 پاور ہاؤس کے قریب پکوڑا چوک پر شہریوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کے الیکٹرک کے ٹرک نمبر JZ-1289 پر سوار 5 افراد کو پکڑکر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

اطلاع پر سیکڑوں علاقہ مکین، پولیس کی نفری اور رینجرز موقع پر پہنچ گئی ، رینجرز نے مزاحمت کے بعد تمام افراد کو شہریوں کے چنگل سے چھڑا کر اسپتال منتقل کیا، شہریوں نے ملزمان کے ٹرک پر ڈنڈے برساکر اسے الٹ دیا جس سے ٹرک تباہ ہوگیا ہے۔

ایس ایچ او موچکو انسپکٹر نوید ناصر نے بتایا ہے کہ شہریوں کے تشدد کے شکار افراد جرائم پیشہ تھے اور نہ ہی ان سے اسلحہ برآمد ہوا ہے ، متاثرہ افراد نے بیان میں کہا ہے کہ وہ علاقے میں بجلی کی درستگی کیلیے آئے تھے کہ اچانک شور مچ گیا اور کچھ سمجھ نہیں آیا کہ ہم پر تشدد کیوں ہورہا ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا ہے کہ تمام افراد کے الیکٹرک کے کنٹریکٹ ملازمین ہیں جن میں ایک سپروائزر ایک ڈرائیور اور 3 لائن مین شامل ہیں تمام افراد بجلی ٹھیک کرنے علاقے میں گئے، رینجرز نے مکمل تفتیش کے بعد تمام افراد کو رہا کیا ہے، پولیس کے مطابق اورنگی بلدیہ اور سائٹ میں کئی ماہ سے سیڑھی ڈکیت گروپ مشہور ہے جس سے علاقہ مکین خوفزدہ ہیں۔