لاہور (جیوڈیسک) ملک میں بجلی کا بحران جاری ہے، شارٹ فال اگرچہ 3200 میگاواٹ کی کم ترین سطح پر دکھایا جارہا ہے لیکن عملا شہروں اور دیہات میں غیر اعلانیہ بدترین لوڈ شیڈنگ 10 سے 16 گھنٹے کی جارہی ہے جو سرکاری اعدادو شمار میں خاصا تضاد ظاہر کرتا ہے۔ ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 13350 میگاواٹ جبکہ طلب 16550 میگاواٹ ہو گئی ہے۔
اس طرح بجلی کا مجموعی شارٹ فال 3200 میگاواٹ پر آگیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ شہروں اور دیہات میں یکساں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ دوسری طرف عملا صورتحال برعکس ہے لاہور سمیت چھوٹے شہروں اور دیہات میں اضا فی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
لاہور میں خصوصا سسٹم اوور لوڈڈ ہونے کی وجہ سے ٹرپنگ کہیں زیادہ ہو رہی ہے۔ دیہات میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے سے زائد ہے، صارفین کا گرمی اور حبس میں برا حال ہے۔ این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا ہے کہ کوٹہ کم کر دیا گیا ہے، تیل و گیس کی قلت سے لوڈشیڈنگ بڑھی ہے۔