لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ایک اور گھریلو ملازمہ پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ مالکان نے 14 سالہ اقصیٰ کو مبینہ تشدد کے بعد مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ سبزدار کے رہائشی عبدالرزاق کے مطابق اس کی 14 سالہ بیٹی اقصیٰ نواں کوٹ کے علاقے زبیدہ پارک میں ایک گھر میں دوہزار روپے ماہ انہ پر ملازمت کر رہی تھی۔
گھر کے مالکان ماریہ، حسن اور عمیرنے اس کی بیٹی کے سر کے بال کاٹ دیے اور ڈنڈوں سے تشدد کے بعد مٹی کا تیل چھڑک کرآگ لگا دی۔ انھوں نے بتایا کہ مالکان نے ایک دن اقصیٰ کو گھر میں رکھ کرعلاج کیا، طبیعت خراب ہونے پر تشویشناک حالت میں میو اسپتال میں داخل کروایا اور بچی کو ڈرا دھمکا کر یہ بیان دلوایا کہ وہ چائے بناتے ہوئے آگ لگنے سے جل گئی۔
یہ دھمکی بھی دی کہ پولیس اور میڈیا کو بتایا تو اسے مار دیں گے۔ والدین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انھیں انصاف دلایا جائے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچی کی حالت تشویشناک ہے۔