لاہور : 20 کلو آٹے کا تھیلا 25 روپے مہنگا ہوگیا

Flour

Flour

لاہور (جیوڈیسک) لاہور فلورملز ایسوسی ایشن نے 20 کلوآٹے کا تھیلا 25 روپے مہنگا کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد صارفین کو یہ تھیلا 810 روپے میں ملے گا۔ عوام کا کہنا ہے کہ جنہیں ووٹ دیا ہے وہی نوالہ چھین رہے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فلور ملز مالکان نے کہا کہ حکومت گندم کی امدادی قیمت 1200 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کرنے جارہی ہے، اگرایسا ہواتو 20 کلو آٹے کا تھیلا 925 روپے کا ہو جائے گا، ایسے میں عام آدمی کو آٹا نہیں ملے گا۔

دوسری طرف اجلاس کے بعد فلور ملز مالکان نے ڈیزل اور بجلی کی زیادہ قیمت کو جواز بنا کر 20 کلو آٹے کا تھیلا 25 روپے اضافے سے 810 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کیا۔ فلور ملز مالکان کے اس اعلان پر شہریوں کا کہنا ہے کہ جنہیں مہنگائی کم کر نے کیلیے ووٹ دیا تھا اب وہی جینا محال کررہے ہیں، اتنا مہنگا آٹا کیسے کھائیں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گوشت اور پھل تو پہلے ان کی پہنچ سے دور ہیں، اب روٹی بھی چھینی جارہی ہے۔