لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے بادامی باغ میں تیزاب گردی کے واقعے میں دو خواتین سمیت چار افراد جھلس گئے۔ تیزاب پھینکے والے نے اپنے ایک سالہ بچے کی بھی پرواہ نہیں کی۔ پولیس نے تا حال مقدمہ درج نہیں کیا۔
لاہور میں گزشتہ 10 روز میں تیزاب گردی کا دوسرا افسوسناک واقعہ بادامی باغ فروٹ منڈی کے قریب پیش آیا۔ ملزم ناصر نے اپنی بیوی، سالی، سالے اور اپنے بیٹے پر تیزاب پھینک دیا جس سے اس کی اپنی بیوی سکینہ، سالی رشیدہ، برادر نسبتی شوکت اور ایک سالہ بیٹے ابراہیم سمیت متعدد افراد جھلس گئے۔ جھلسنے والوں میں دو خواتین اور بچے کو فوری طور پر میو ہسپتال لایا گیا جہاں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
جھلسنے والوں کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ملزم ناصر کافی عرصے سے نشہ کی لت میں مبتلا ہے اور اکثر اپنی بیوی سکینہ کو مارتا پیٹتا بھی تھا جس کے بعد سکینہ اپنی والدہ کے گھر آ گئی ناصر صبح اپنے سسرال آیا اور تیزاب پھینک کر فرار ہو گیا۔
پولیس تاخیر سے ضرور پہنچی لیکن آتے ہی پھرتی دکھائی۔ تمام زخمیوں کو خطرے سے باہر قرار دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ابھی تک گرفتار نہیں ہوا لیکن بہر حال مقدمہ دھشت گردی کے دفعات کے تحت درج ہو گا۔ وزیر اعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لے کر فوری طور پر ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔