لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں مغل پورہ پولیس نے خاتون کو متاثر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے نشے میں دھت سب انسپکٹر کو گرفتار کر لیا۔ شالیمار ہسپتال کے سامنے سادہ کپڑوں میں ملبوس باغبان پورہ تھانے کا سب انسپکٹر شاہد مراد اندھا دھند ہوائی فائرنگ کر رہا تھا۔
مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر مغل پورہ تھانے کے اہلکاروں نے شاہد کو حراست میں لیا۔ ایس ایچ او مغل پورہ کے مطابق شاہد مراد نشے کی حالت میں تھا اور اپنے ساتھ موجود خاتون کو متاثر کرنے کے لیے فائرنگ کر رہا تھا۔ ملزم کے قبضے سے سرکاری اسلحہ اور شراب کی بوتل برآمد ہوئی،جسے تحویل میں لینے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔