لاہور (جیوڈیسک) لاہور ائرپورٹ پر ایک اعلی پولیس افسر کے گن مین کو روکنے پر ائرپورٹ سیکیورٹی فورس اور پولیس کے درمیان ایک جھگڑا ہو گیا،تاہم رات گئے طویل مذاکرات کے بعد معاملہ رفع دفع ہو گیا، اس دوارن پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی ہوئی۔ ذرائع کے ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کے ایک افسر ائرپورٹ کی حدود میں داخل ہوئے تو اے ایس ایف کے اہلکاروں نے یہ کہہ کر ان کے گن مین کو روک لیا کہ اسلحہ اندر نہیں جا سکتاجس پر پولیس افسر غصے میں وہاں سے چلے گئے۔
ان کے جانے کے بعد پولیس نے ائرپورٹ کے دونوں اطراف ناکے لگا کر اے ایس ایف کی گاڑیاں روک لیں۔ گاڑیاں رکنے پر اے ایس کے انچارج ناکے پر گئے تو پولیس کے ساتھ تلخ کلامی ہو گئی۔ پولیس نے اے ایس ایف کی گاڑیاں تھانے لے جا کر بند کر دیں جس پر اے ایس ایف کے سٹاف نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی، تاہم رات گئے اعلی افسران کے درمیان مذاکرات کے بعد گاڑیاں چھوڑ دی گئیں۔