لالہ موسیٰ (جی پی آئی) زندہ دلان لاہور نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے بھرپور احتجاج کیا اور اپنے قائد عمران خان کا والہانہ اور شاندار استقبال کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔
اہل لاہور نے تبدیلی کیلئے اپنے کاروبار، ٹرانسپورٹ بند کر کے ثابت کر دیاکہ لاہور حقیقت میں پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور انکا ووٹ چرایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف ضلع گجرات کے سنیئر راہنما و ممبر صوبائی کونسل پنجاب نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ نے کیا۔
انہوں نے کہاکہ لاہور عمران خان کے چاہنے والوں کا شہر ہے اور عمران خان کی کال پر اہلیان لاہور نے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں سمیت اپنے کاروبار بھی بند کئے جو کہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لاہور کے عوام کا ووٹ چوری ہوا اور عوام الیکشن میں کی گئی دھاندلی کو منظر عام پر لانے کیلئے عمران خان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اہلیان لاہور جس کا ساتھ دیتے ہیں وہی پورے پاکستان میں کامیابی حاصل کرتا ہے اور اب کامیابی عمران خان کامقدر بن چکی ہے اور عمران خان کا تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کو ہے جب اس ملک میں انصاف کا نظام ہوگا اور سر عام احتساب کر کے عوام کو اقتدار منتقل کیا جائے گا۔