لاہور (جیوڈیسک) گرین ٹائون میں گذشتہ روز مبینہ زیادتی کے بعد قتل کئے جانے والے 7 سالہ بچے کے لواحقین سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے یقین دہانی کروائی ہے کہ گھنائونے جرم کے مرتکب ملزموں کو معاف نہیںکیا جائےگا۔ گذشتہ روز لاہور کے علاقے بہار کالونی گرین ٹائون میں7 سالہ معین کی لاش مسجد کی سیڑھیوں کے ساتھ لٹکی ہوئی ملی ۔پولیس کے مطابق درندہ صفت ملزموں نے ننھے معین کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا۔
لواحقین اور اہل علاقہ نے معین کی لاش گرین ٹاون بازار میں رکھ کر احتجاج کیا اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر سی سی پی اولاہور امین وینس نے کہا کہ 3 مشتبہ ملزمان زیر حراست ہیں، جن سے تفتیش جاری ہے،دوسری جانب حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم قادری نے غمزدہ لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئےیقین دہانی کروائی کہ اس گھنائونے جرم میں ملوث مجرم کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کیس میں قانون کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔