لاہور (جیوڈیسک) لاہور پولیس نے بند روڈ کے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے تین افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر کارروائی کی گئی۔ سی آئی اے لاہور پولیس کی بھاری نفری نے رات گئے شفیق آباد بند روڈ کی کچی آبادیوں میں سرچ آپریشن کیا۔
تین ڈی ایس پیز کی سربراہی میں پولیس اہلکار گھروں میں داخل ہوئے اور مردوں کے شناختی کارڈ چیک کیے۔ کچی آبادی کے مکینوں کا کہنا ہے پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ بغیر سرچ وارنٹ پولیس رات گئے گھروں میں داخل ہوئی اور خواتین اور بچوں کو جگا کر ان کے کوائف چیک کیے۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران تین افراد اور دو موٹرسائیکلیں تحویل میں لی گئی ہیں۔