لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے برکت مارکیٹ میں بیکری میں آتشزدگی کے باعث اوپری منزل پر سوئے 5 افراد دھویں کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے، شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔
لاہور میں برکت مارکیٹ کی بیکری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پانچوں افراد کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی ہے۔ جاں بحق افراد میں سے ایک شخص کی شناخت 15 سالہ شکیل اور دوسرے کی 30 سالہ طالب کے نام سے ہوئی، دونوں افراد کا تعلق پاک پتن سے ہے، 3 نامعلوم افراد بھی دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت میں فائر الارم نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اوپر والی بلڈنگ میں لوگوں کو پتا ہی نہیں کہ نیچے آگ لگی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ پر قابو پالیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے بیکری میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کر لی اور متعلقہ حکام کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔ شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔