لاہور (جیوڈیسک) لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں امیدواروں کی جانب سے جاری طویل اور تھکا دینے والی انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی جس کے بعد کوئی امیدوار ووٹرز کو متاثر کرنے کے لئے ان سے براہ راست رابطہ نہیں کر سکے گا۔ پولنگ 10 جنوری کو سیشن کورٹ میں ہوگی۔ صدر کی نشست پر حامد خان کی قیادت میں پروفیشنل گروپ کے نامزد امیدوار چوہدری اشتیاق احمد اور عاصمہ جہانگیر کی قیادت میں انڈیپنڈنٹ گروپ کے نامزد امیدوار ارشد جہانگیر خان جھوجہ میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔
نائب صدر کی دو نشستوں کے لئے محمد جہانگیر بھٹی، محمد نوید چغتائی، جام خالد فرید، اقبال خورشید مغل، ملک سلطان اور ساجد منور قریشی سمیت چھ امیدوار میدان میں اترے ہیں جبکہ نائب صدر (ماڈل ٹائون سیٹ) کے لئے سید تفسیر حیدر کاظمی،ایم شہزاد خان کاکڑ اور میاں عابد کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
سیکرٹری کی دو نشستوں کے لئے ادیب اسلم بھنڈر، خرم میر، جواد ملک، سجاد بٹ اور بابر ہمایوں چوہان میں مقابلہ ہوگا جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کی ایک نشست پر رانا احسن اور میاں طاہر ون ٹو ون ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں، فنانس سیکرٹری کی ایک سیٹ پر بھی اجمل ملک ،رفعت طفیل ملک اور چوہدری فضاہر جٹ میں مقابلہ ہوگا ۔لائبریری سیکرٹری کی سیٹ پر میاں سلطان اور آڈیٹر کی سیٹ پر محمد اقبال پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔