لاہور (جیوڈیسک) ملک کے دوسرے شہروں کی طرح لاہورکے باسی بھی اِن دنوں اپنے پسندیدہ جیو چینلز دیکھنے سے محروم ہیں۔ شہر کے بیشتر حصے میں جیو بند ہے، جن علاقوں میں آبھی رہا ہے، وہاں آخری نمبروں پر ہے۔
شہری کہتے ہیں،جیو ان کی فیملی کا حصہ ہے۔اس کے بغیر زندگی کے رنگ پھیکے ہو کر رہ گئے ہیں۔ لاہور کے شہری پریشان ہیں، نادیدہ ہاتھوں نے کئی دن سے ان سے جاننے کا حق اور انٹرٹینمنٹ کا ذریعہ چھین رکھاہے، بیشتر علاقوں میں جیو چینلز بند ہیں، جن علاقوں میں آ بھی رہے ہیں۔
وہاں آخری نمبروں پر ہیں۔ خواتین اور بچے اس صورتحال سے زیادہ پریشان ہیں۔ ناظرین کہتے ہیں، جیو غیر جانبداری اور دلیری کیساتھ سچی خبریں دیتا اور بے لاگ تبصرے کرتا ہے، ہاتھ میں ریموٹ آتے ہی وہ اپنا پسندیدہ چینل ڈھونڈنے لگتے ہیں۔
جاننے کا حق چھن جائے تو ہر ذی شعور خود کو اندھیروں میں گھرا محسوس کرتا ہے، اسی لئے زندگی کے سبھی طبقے جیو کو بہت مِس کر رہے ہیں۔ ناطرین کہتے ہیں، کیبلز آپریٹر جیو کی بندش بارے کوئی واضح جواب نہیں دیتے، کہتے ہیں دباوٴ کے باعث جیو کوبند کیا ہے۔ شہریوں کی اپیل ہے کہ حکومت حق اور سچ کی آواز بلند کرنے والے ان کے پسندیدہ چینل جیو کو غیر قانونی طور پر بند کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔