لاہور میں سب سے بڑی مالیت کی خونی ڈکیتی پر ق لیگ کا توجہ دلائو نوٹس جمع
Posted on August 20, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور : ق لیگ پنجاب نے لاہور میں 5 کلو سونا لوٹنے والے ڈاکوئوں کو طرف سے مزاحمت پر تاجر کے قتل پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کروا دیا، نوٹس ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے جمع کروایا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موجودہ دور حکومت میں یہ سب سے بڑی مالیت کی خونی ڈکیتی ہے۔
جس کی مالیت 3 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے، حیرانی ہے لاہور کے مصروف ترین علاقہ گوالمنڈی سے ڈاکوئوں نے دن دہاڑے سونے کے تاجروں کو اغواء کیا، اور مناواں لے جاکر ایک تاجر کو گولیاں مار کر قتل اور دوسرے کوزخمی کر دیا، انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص تاجر شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں اطلاع کے باوجود پولیس موقع پر واردات پر پہنچنے میں ناکام رہتی ہے۔
گزشتہ روز کے واقعہ میں بھی متعلقہ تھانہ ایک گھنٹہ تک لاعلم رہا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تاجروں کو تحفظ فراہم کرے اور لاہور کو علاقہ غیر بننے سے روکا جائے اور حکومت جواب دے کہ اربوں روپے کا سالانہ بجٹ لینے والی پولیس کا رسپانس اتنا سست کیوں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چوہدری پرویز الہٰی کی قائم کی گئی ریسکیو 1122 کے اہلکار 10 سے 15 منٹ کے اندر اندر حادثہ کے مقام پر پہنچتے ہیں تو پولیس کئی کئی گھنٹے مجرمانہ واردات سے لاعلم کیوں رہتی ہے۔