لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم جبران بن سلمان نے کہا ہے کہ لاہور بورڈ انٹر میڈیٹ رزلٹ کی بے قاعدگی کے خلاف حکام کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔ریوڑیوں کی مانند نمبر تقسیم کئے گئے، قوم کا مستقبل ناتجربہ کار کلرک مافیا کے ہاتھوں میں دے دیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے متاثرہ طلبا و طالبات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاواضح رہے کہ لاہور بورڈ کی جانب سے غلط مارکنگ کے بعد بیس طلباو طالبات کے وفد نے ناظم لاہور سے ملاقات کی، اپنے رزلٹ کارڈز دکھائے اور بورڈ انتظامیہ کے رویے کی شکایت کی۔ جبران بن سلمان نے مزید کہا کہ ری چیکنگ کے نام پر مزید پیسہ بٹورنے کے لئے طلبہ و طالبات کے ساتھ گھناونا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔
بورڈ انتظامیہ نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو طلباوطالبات راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے ۔جمعیت طلبہ وطالبات کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جب تک انٹر میڈیٹ کے طلباوطالبات کے مسائل حل نہیں ہوتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نتائج کی بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے۔انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کر قرارواقعی سزا دی جائے۔
اسد قریشی سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہلاہور 0335-4274901