لاہور (جیوڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات بھی کی، عامر خان کہتے ہیں کہ وہ لاہور میں بننے والی باکسنگ اکیڈمی میں نوجوانوں کو ٹریننگ دیں گے۔ برطانوی باکسر عامر خان نے لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیر اعلیٰ نے انہیں لائٹ ویلٹر ویٹ کا چیمپئن بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ عامر خان نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
چیمپئن باکسر عامر نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ داتا دربار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے غریبوں میں لنگر بھی تقسیم کیا۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ اچھے اور برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں، وہ دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک امن پسند اور محفوظ ملک ہے۔ عامر خان نے پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ساتھ باکسنگ اکیڈمی کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، ان کا کہنا تھا کہ اکیڈمی جون میں شروع ہو جائے گی، جس میں تربیت لینے والے کھلاڑی پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز جیتیں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود نے کہا کہ نشتر پارک میں بننے والی باکسنگ اکیڈمی میں 800 بچوں کی گنجائش ہوگی۔ عامر خان جوفوڈ پوائنزنگ کا شکار ہو گئے ہیں پیر کے روز پشاور روانہ ہوں گے اور سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے اہل خانہ سے ملیں گے۔