لاہور (جیوڈیسک) لاہور اوگرا نے سی این جی اسٹیشنوں کو انسانی آبادیوں سے باہر منتقل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے، صارفین خوش ہیں کہ اس سے گھروں میں گیس پریشر بہتر ہو جائے گا ،سی این جی مالکان نے اقدام کو زیادتی قرار دے دیا۔ اوگرا کو رہائشی آبادیوں میں جگہ جگہ قائم سی این جی اسٹیشز کے خلاف کارروائی کا خیال بالآخرآ ہی گیا۔
اِمکان ہے کہ انہیں شہری آبادیوں میں بند کر کے دور دراز جگہوں پر منتقل کیا جائے گا، گھریلو صارفین نے اطمینان کا سانس لیا کہ گھروں کا پریشر ٹھیک ہو گا، کھانا آسانی سے پکے گا، حادثات سے بھی جان چھوٹے گی، دوسری جانب سی این جی اسٹیشنز مالکان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
منتقلی کو بلاجواز قرار دے دیا ،ان کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشن لگانے سے قبل اوگرا کے ساتھ کئی محکموں سے منظوری لی، کروڑوں کے اخراجات اٹھے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اوگرا نے پہلے اشتہار دے کر اسٹیشنز لگوائے اب اچانک سیکڑوں اسٹیشوں کے لائسنس معطل کیے جارہے ہیں، درمیانی راستہ تلاش نہ کرنے سے بھاری سرمایہ کاری ڈوب جائے گی۔