لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) کیمپ جیل میں نیب کی بیرک میں آگ لگنے سے ن لیگ کے رہنما سعد رفیق زخمی ہو گئے۔ کیمپ جیل لاہور میں رات گے نیب کی بیرک میں آگ لگ گئی۔ اس دوران سعد رفیق کا سر لوہے کے جنگلے سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں ان کے سر پر چوٹ لگی۔
احتساب عدالت لاہور میں پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی تو نیب نے خواجہ سعد رفیق کو پیش کیا۔ سعد رفیق نے فاضل جج سے کہا کہ رات کو میری بیرک میں آگ لگی جس کی وجہ سے زخمی ہو گیا، میرا سر لوہے کے راڈ کے ساتھ لگا جس وجہ سے کچھ دیر تک مجھے کچھ نظر نہیں آیا۔
سعد رفیق نے فاضل جج سے کہا کہ جیل حکام روزانہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے مجھے اسلام آباد لیکر جاتے ہیں اور شام کو واپس لے آتے ہیں، میں ہر اجلاس کے موقع پر 8 گھنٹے کا سفر نہیں کر سکتا، اسلام آباد میں سب جیل قرار دیکر مجھے وہیں رکھا جائے۔
عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔
علاوہ ازیں صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کیمپ جیل میں آگ لگنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کرائی جائے، پتہ چلنا چاہیے ایسا کیوں ہوا، واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے لائی جائے۔
شہباز شریف نے خواجہ سعدر فیق کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے قیدیوں کا حوصلہ اور جراٴت قابل ستائش ہے۔