لاہور : میانی صاحب اور دیگر قبرستانوں میں عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاہنہ گجومتہ کے قریب 72 ایکڑ کا جدید سہولتوں سے آراستہ قبرستان کا جلد وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف افتتاح کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایم این اے میاں وحید عالم خاں نے عمران کالونی پرانا کماہاں روڈ پر نادار لوگوں میں اشیائے ضروریہ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام سماجی رہنما بشیر میو نے کیا ۔ میاں وحید عالم نے مزید کہا کہ قبرستان میں ٹف ٹائل اور راہداریاں اور باغ بنایا جائے گا۔
سہولت کے لئے شہر بھر میں ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جائے گا ۔ڈپٹی میئر رائو شہاب الدین نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے لاہور میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے اور جلد ہی منصوبے مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوںنے احتجاجی اور اپوزیشن رہنمائوں پر تنقید کی اور کہاکہ ضروری نہیں کہ ہر مثبت کام پر منفی نتیجہ نکالا جائے۔ اس موقع لیگی رہنما اور سماجی کارکن بشیر احمد میو نے کہاکہ عمران کالونی میں سیوریج اور سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے مقامی لوگوں کا اصرار ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں ایم این اے وحید عالم خاں اورڈپٹی میئر رائو شہاب الدین اس دیرینہ مسئلے پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔