لاہور: کیمیکل گودام میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں دہلی گیٹ کے قریب کیمیکل گودام میں لگنے والی آگ پر نو گھنٹے بعد مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔ سرکلر روڈ غوثیہ مارکیٹ میں پانچ منزلہ گودام میں رات کے وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پلازہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ڈی سی او لاہور کے مطابق گودام میں کاسٹک سوڈا موجود جس پر بارش کا پانی پڑا اور نتیجتا آگ پھیل گئی۔ پولیس نے گودام کے مالک کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر رہائشی علاقوں سے ٹرک اڈے اور گودام مرحلہ وار شہر سے باہر نکالنے کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ گودام میں موجود خطرناک کیمیکل جلنے کے باعث علاقے میں دھوے کے بادل چھا گئے۔ جس کے باعث بزرگ خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ زہریلے دھویں کے باعث متعدد افراد بے ہوش بھی ہوئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے طبی امداد دی۔