لاہور میں 3 منزلہ تجارتی عمارت میں آگ لگنے سے 3 افراد جاں بحق

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) بکرمنڈی میں واقع 3 منزلہ تجارتی عمارت میں آگ لگنے کے باعث 3 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔

لاہور کے علاقے بکر منڈی میں واقع 3 منزلہ کاروباری عمارت میں واقع ایک دکان پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگتے ہی عمارت میں گراؤنڈ فلور میں موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ پہلی منزل پر موجود 3افراد آتشزدگی سے بچنے کے لئے اوپری منزل پر چلے گئے جہاں وہ زہریلے دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹ کر جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے بعد عمر، وقاص اور حسن نامی تینوں جاں بحق افراد کی میتیں قریبی اسپتال منتقل کر دیں جہاں قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد میتوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس اندوہناک واقعے کی وجہ شارٹ سرکٹ نظر آتی ہے تاہم مزید تفتیش کے لئے پولیس نے دکان کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔