لاہور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور سمیت کئی حلقوں پر امیدواروں کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج ہوگی جب کہ این اے 33 ہنگو سے تحریک انصاف کے امیدوار کی جیت برقرار ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج دوسرے روز بھی جاری رہے گی۔
حلقے سے ن لیگ کے سردار ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے تاہم پی ٹی آئی امیدوار علیم خان نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست کی تھی۔
اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد پر بھی گنتی کچھ دیر میں شروع ہوگی، یہاں (ن) لیگ کے امیدوار عابد شیر علی کے مقابلے میں تحریک انصاف کے فرخ حبیب کامیاب قرار پائے تھے۔
گوجرانوالہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 52 اور پی پی 54 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے، پی پی 52 پر ن لیگ کے عادل چٹھہ تحریک انصاف کے امیدوار احمد چھٹہ کے مقابلے میں ایک ہزار 113 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے تھے۔
پی پی 54 گوجرانولہ میں ن لیگ کے عمران خالد بٹ تحریک انصاف کے رضوان اسلم بٹ کے مقابلے میں ایک ہزار 457 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پائے تھے تاہم ہارنے والے امیدوار نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔
این اے 230 بدین
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 230 بدین پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل آج بھی جاری ہے، اس حلقے سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے فہمیدہ مرزا نے پیپلز پارٹی کے حاجی رسول بخش چانڈیو کو 860 ووٹوں سے شکست دی تھی۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار رسول بخش نے فہمیدہ مرزا کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔ اسی طرح صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 73 بدین پر بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے جہاں پیپلز پارٹی کے تاج ملاح 37645 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ جی ڈی اے کی فہمیدہ مرزا نے 37364 ووٹ حاصل کیے تھے۔
این اے 33 ہنگو
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 ہنگو کے 180 میں سے 50 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد تحریک انصاف کے امیدوار خیال زمان کے 735 ووٹ زیادہ نکلے جس کے بعد ان کی جیت برقرار ہے۔
ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار خیال زمان نے 28 ہزار 703 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل ایم ایم اے امیدوار عتیق الرحمان نے 27 ہزار 968 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ملتان کے حلقوں این اے 154 اور157، جھنگ میں این اے 114 میں مزید پانچ پولنگ اسٹیشنز اور این اے 22 مردان کے 131 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے گی۔