لاہور (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118لاہور کے انتخابی سامان سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، الیکشن ٹربیونل کے نامزد تحقیقاتی افسر کے مطابق 143پولنگ اسٹیشنز کےبیلٹ پیپرز مخصوص انتخابی تھیلوں کے بجائے چینی اور کھاد کے تھیلوں میں رکھ کر جمع کرائے گئے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118 سے تحریک انصاف کے ناکام امیدوار حامد زمان نے انتخابی دھاندلی سے متعلق پٹیشن دائر کی تھی جس پر الیکشن ٹربیونل لاہور نے نادرا کو انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کا حکم دیا تھا۔ ریٹرننگ آفیسر نے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے قومی حلقے کے بیگ بھیجنے کے بجائے غلطی سے صوبائی حلقوں کے کچھ بیگ بھی بھیج دئیے۔
مسلم لیگ ن کے ملک ریاض کی جانب سے قومی اسمبلی کے گم شدہ بیگز کے حوالے سے تحقیقات کیلئے درخواست دی گئی تو 143 پولنگ اسٹیشنوں کے بیلٹ پیپرز چینی اور کھاد کے تھیلوں میں رکھے جانے کا انکشاف سامنے آ گیا۔ ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز چینی اورکھاد کے تھیلوں میں تھےاس لیے ابھی نادراکونہیں بھیجے گئے۔