لاہور: امیر رحمانی برداری پنجاب میاں اشفاق احمد بھولا نے ایک شادی کی تقریب کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں کرپشن کا ناسور کینسر سے زیادہ خطرناک بن چکا ہے۔ ہر سال اربوںکھربوں روپے کی کرپشن نے پورے نظام کوتلپٹ کردیا ہے۔گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کے دوراقتدار میں بھی کرپشن کا راج ہے۔اوپر سے لیکر نیچے تک کرپٹ مافیا ملک وقوم کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے ایک بیان میںکیا۔
انہوں نے کہاکہ اب تک اقتدارمیں آنے والی ہر پارٹی کے ارکان نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں۔ کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوںاور حکمرانوں نے قومی وسائل پر قابض ہو کر قوم کو غربت، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوںکی جانب سے پانامالیکس کے معاملے کو بھی دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث تمام چھوٹے بڑے مجرموں کوقوم کے سامنے لایاجائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ 10 سے 12 ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔پانامالیکس میں پاکستان کے حکمران طبقات سے تعلق رکھنے والی اور اہم ترین مناصب پرفائزرہنے والی شخصیات کے نام نمایاں ہیں۔
پانامالیکس کے معاملے کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے تاکہ عوام کے خون پسینے کی کمائی کولوٹنے والے کیفرکردار تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین عشروں سے کرپشن کی آکاش بیل پاکستان کی سیاست اور سول وملٹری بیوروکریسی کواپنے حصار میں لئے ہوئے ہے۔جب تک کرپشن کرنے والے بڑے عناصر کونہیں پکڑاجائے گا نچلی سطح پر کرپشن کاقلع قمع ممکن نہیں۔میاںاشفاق احمد نے مزیدکہاکہ کرپشن کامرض چھوت کی طرح پھیل چکا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں احتساب کانظام رائج کرتے ہوئے بلاتفریق کام شروع کیاجائے اور اس حوالے سے خودمختار،آزاداور سیاسی اثرورسوخ سے پاک احتساب کمیشن کا قیام ناگزیر ہے۔