لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور میں ڈاکوؤں نے 12 گھنٹوں کے دوران 11 شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔
لاہور میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں جو پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔
نواں کوٹ میں دو بچوں نے تیسرے بچے کو لوٹ لیا، واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچہ ہاتھ میں پرس پکڑے گاڑی کےساتھ کھڑا ہے، اس دوران موٹرسائیکل سوار دو بچے اچانک پرس جھپٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔
پولیس نے دونوں بچوں کو گرفتار کرلیا تاہم متاثرہ بچے کے والدین نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا جس پر دونوں بچے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیے گئے۔
مغل پورہ میں تین ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا، سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو گلی میں پھر رہے ہیں، سامنے سے موٹرسائیکل سوار فیملی آئی تو ڈاکو ا س سے کیش، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔
دوسری جانب آپریشنز ونگ نے 12 گھنٹوں میں 11 وارداتوں کے مقدمات درج کر کے انویسٹی گیشن ونگ کے کھاتے میں ڈال دیے۔