لاہور : چیئرپرسن ہیومن رائٹس ڈیفینڈرز لائرز فورم عائشہ خان ایڈوکیٹ ہائیکورٹ نے کہا کہ لاہور ڈیفنس میں بم دھماکے کے بعد اب رینجرز کو بلا تفریق پنجاب بھر میں کاروائی کا آغاز کردینا چاہیے کیونکہ بے گناہ معصوم شہری ان دھماکوں میں لقمہ اجل بن رہے ہیں۔
ہندوستان افغانستان اور ایران کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروارہا ہے۔ موجود ہ دہشت گردی کی لہر میں کونسی قوتیں کارفرما ہیں اس سے قانون نافذ کرنے والے ادارے بخوبی آگاہ ہیں انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں یہ اسلام اور ملک و قوم کے بدترین دشمن ہیں۔
درحقیقت طاقت کا غیر قانونی استعمال بیرونی جارحیت‘ غیر ملکی سازشیں دہشت گردی کو پروان چڑھا رہی ہے پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی طور پر دہشت گردی کا سامنا ہے مسلح افواج‘ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے کافی حد تک دہشت گردی پر قابو پا لیا ہے۔
پوری قوم کی آواز ہے کہ حکومت اور فوج دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو تلاش کر کے نشان عبرت بنائیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن کو جاری و ساری رکھیں معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان ہم آہنگی ‘ رواداری اور تحمل و برداشت کا مظاہرہ کریں تاکہ ملک و قوم کے دشمنوں اور غیر ملکی ایجنٹوں کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
اس وقت پاکستان اور اس کے عوام کے بڑے مسائل انصاف کی عدم فراہمی، دہشتگردی اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے حکمران کوئی ویژن اور پالیسی نہیں دے سکے۔
پنجاب میں رینجرز آپریشن کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام کا جان و مال دہشتگردوں کے رحم و کرم پر ہے۔ ہر روز دھماکے ہورہے ہیں جبکہ حکمران جمع تفریق سے آگے نہیں بڑھ رہے۔